خوشحالی مائیکرو فنانس بینک اور پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے پاکستان میں دیہی علاقوں کے کسانوں کے لیے زرعی تربیتی پروگرام کے لئے اشتراک کے معاہدے پر دستخط کیے۔اس اشتراک کا مقصد چھوٹے کسانوں کوکاشتکاری کے جدید سائنسی طریقے اپنانے کے حوالے سے ماہرانہ تربیت فراہم کرنا ہے۔جو کہ خصوصاً انہیں ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے زراعت کے مؤثرطریقوں کے بارے میں آگاہی دے۔
معاہدے کے مطابق، PARC اپنے ماہرانہ تربیتی سیشن کے ذریعہ کسانوں کو فصل کی پیداوار بڑھانے، نئی قسم کے بیج،فصلوں کی مختلف اقسام کے ساتھ کھادوں او ر فصل پر ا سپرے کے استعمال کے علاوہ زمین کی تیاری کے طریقوں کے بارے میں تعلیم دیں گے۔
خوشحالی بینک کا PARC سے معاہدے کا مقصد چھوٹے کسانوں کو بہترین سازگار ماحول فراہم کرکے مالی خدمات کے ساتھ ساتھ اپنی باقاعدہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی سرانجام دینا ہے جس میں کسانوں کومنافع بخش زرعی کاروبار کی تربیت دینا شامل ہے۔ یہ تربیتی پروگرام متواتر سہ ماہی بنیادوں پر منعقد کیے جا ئیں گے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں صدر خوشحالی بینک، غالب نشتر نے کہا " پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کا ساتھ ہمارے لیے قابل فخر ہے۔ اس پروگرام سے ہم زرعی ماہرین اور کسان برادری کے مابین روابط قائم کر نے میں مددگارثابت ہوں گے۔ ہمارا بینک چھوٹے کسانوں کے لئے نہ صرف قرض کی سہولت دیتا ہے بلکہ اس طرح کے پروگرام کے ذریعے انکی تکنیکی معلومات میں اضافہ کرنے کے لیے بھی سرگرم رہتا ہے۔ اس سے قومی معیشت کے ساتھ ساتھ لاکھوں کسانوں کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا۔"
انہوں نے بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا " ماضی سے اب تک خوشحالی مائیکروفنانس بینک نے زراعت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔PARCکے ساتھ یہ اشتراک ہماری کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کا حصہ ہے جو کہ زراعت کے شعبہ کے لیے ہماری کاوشوں کو مزید مضبوط کرے گااور ملکی معیشت کے لیے بھی اہم ثابت ہوگا۔ "
اس موقع پر چیئرمین،PARC،ڈاکٹر یوسف ظفر، نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا" ہم خوشحالی بینک کے ساتھ اس شراکت داری پر نہایت خوش ہیں، PARC کسانوں کی جدید زرعی طریقوں کی تربیت فراہم کرنے کی یقین دہانی کر واتا ہے۔"
انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہا" PARC کے پاس زراعت، پانی اور جانوروں کے تمام شعبوں کے عالمی تعلیم یافتہ ماہرین موجود ہیں۔اس کے علاوہ ہمارے پاس تربیتی ادارہ ہے جہاں JICA اور دیگر ایجنسیوں کی مدد سے ہم نے بہت سے کسانوں اور زرعی شعبوں میں کام کرنے والے لوگوں کو تربیت دی ہے۔"