خوشحالی مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ (KMBL) کے زیر اہتمام دیہی خواتین کا عالمی دن منایا گیا۔ 15 اکتوبرکو منعقد ہونے والایہ سیشن خاص طورپر گوجر خان کے علاقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔
نیشنل ایگریکلچر ریسرچ کونسل (NARC) سے منسلک ڈائریکٹر اینمیل سائنسز ڈاکٹر مرتضیٰ حسن انداربی کو اس حوالے سے گفتگو کے لیے مدعو کیا گیاتھا۔اس موقع پر انہوں نے مویشیوں میں پائی جانے والی مختلف بیماریوں کے بارے بتایا اوران سے بچاؤ کے لیے جانوروں کی ویکسی نیشن،مناسب علاج اور جانوروں کی حفظان صحت پرزور دیا۔ انہوں نے منافع بخش ڈیری / مویشیوں کے کاروبار کے لیے جدید طریقہ کار کے مطابق ڈیری فارمنگ کی تکنیکوں سے آگاہ کیا۔ اس پریزنٹیشن کے اہم موضوعات میں بیماریوں کی اقسام،ان کی روک تھام، علاج، فیڈ، ویکسی نیشن، تجارتی اور دیہی پولٹری میں فرق،سرمایہ کاری،جگہ کی ضرورت،بیماریوں، نگہداشت،پیداواری لاگت اورکاروباری امکانی جو سیکیورٹی شامل تھے۔
ڈاکٹر اندرابی کے مطابق گھروں کے پچھلے حصے میں مرغ بانی دیہاتیوں کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔دیہی پولٹری کی لاگت نہ ہونے کے برابر ہے جو ہمیں نامیاتی گوشت اور انڈوں کی پیداوار بھی فراہم کرتی ہے۔ گھر کے پچھلے حصے میں پالی جانے والی مقامی اقسام میں اصیل، ننگی گردن اور دیسی زیادہ مشہور ہیں۔ان نسلوں کو اس لیے ترجیح دی جاتی ہے کہ وہ سخت ماحول سے نمٹنے اورآبائی علاقوں میں پائے جانے والی بیشتر بیماریوں سے محفوظ ہیں۔
سوال و جواب کے سیشن میں جہاں انہوں نے شرکاء کے تمام سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے وہیں انہوں نے خواتین کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پولٹری فارمنگ کو بطور کاروبار اپنائیں۔ انہوں نے اس تکنیکی رہنمائی کے حوالے سے NARC کی ہر ممکن رہنمائی اور خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کی جانب سے مالی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
KMBL کا خیال ہے کہ خواتین کی شراکت کے بغیر ہم بڑھتی ہوئی آبادی کے مطالبات پورے نہیں کرسکتے اور نہ بین الاقوامی سطح پر معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ایسے میں خواتین کی شراکت کو تسلیم کرنے اور ان کی معاشی نمو کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔