خوشحالی بینک نے ہنرفاؤنڈیشن کے دہلی مرکنٹائل انسٹیٹیوٹ، کراچی سے وابستہ چھ طالب علموں کے تعلیمی اخراجات میں تعاون کی پیشکش کی ہے،جس کے تحت متعلقہ طالب علموں کی سال بھر کی تعلیمی فیس کی ادائیگی خوشحالی بینک کی ذمہ ہوگی۔یہ تعاون بینک کی CSR سروسز کے حصے کے طور پر نوجوانوں کے لیے فروغ ہنر کی فراہمی کے مقصد کے مطابق ہے۔خوشحالی بینک کا وژن ہے کہ محروم و پسماندہ پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر بناتے ہوئے کم آمدن والے طبقات کے لیے مالیاتی حل پیش کرنے کے ساتھ اپنی CSR سرگرمیوں کوفروغ دیا جائے۔
ہنرفاؤنڈیشن ایک غیر کاروباری ادارہ ہے جسے کارپوریٹ سیکٹر، غیر سرکاری ادارے اور ڈونر گروپس سے تعلق رکھنے والے ہم خیال پاکستانی پروفیشنلز نے قائم کیا ہے۔ہنرفاؤنڈیشن بین الاقوامی طور پر تربیت یافتہ انسٹرکٹرز کی طرف سے پاکستان کے مختلف مقامات پر بنیادی طور پر ووکیشنل ٹریننگ اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے میدان میں کمیونٹی ویلفیئر پروجیکٹس کے قیام پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔اس کا مقصد مقامی اور عالمی سطح پر قابل عمل تکنیکی افرادی قوت کا مجموعہ فراہم کرتے ہوئے افراد کے لیے مواقع کی ایک نئی دنیا کھولنا ہے۔خوشحالی بینک پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ہنرفاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک عمل کو باعث افتخار سمجھتا ہے۔