Submitted by گمنام (غیر مصدقہ) on Wed, 07/14/2021 - 14:03
image
خوشحالی بینک کی جانب سے چکوال کی مقامی خواتین کے لیے سلائی مشینوں کا عطیہ

نارامغلان، چکوال میں پوٹھوہار آرگنائزیشن فار ڈویلپمنٹ ایڈوکیسی (PODA) کے زیراہتمام مورخہ 18 نومبر، 2016 کو خواتین انٹرپرینیو ر کا عالمی دن منایا گیا۔اس تقریب کا مقصد ان نمایاں لوگوں کو سامنے لانا تھا جوچھوٹے کاروباروں سے منسلک خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان طریقوں کو زیر بحث لانا چاہتے ہیں جن سے پاکستان میں کاروباری خواتین کی ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔

PODA کی ریجنل منیجر محترمہ ناہیدہ عباسی نےPODA کی جانب سے انٹرپرینیور خواتین کے لیے متعارف کئے جانے والے مختلف پروگرامز پر بات کرتے ہوئے کہاکہ '' PODA میں ہم خواتین کی ٹریننگ کے لیے مختلف مواقع  فراہم کرتے ہیں اور انہیں مختلف اداروں سے جوڑدیتے ہیں جوکہ انہیں منافع بخش کاروبار کے مواقع مہیا کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔PODAکی کوششوں کے ذریعے یہ خواتین اپنی مصنوعات کی مارکیٹ کرنے اورانہیں فروخت کرنے کے قابل ہوگئی ہیں، جس سے ان کی ماہانہ آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔

کچن گارڈننگ اور آرگینک فارمنگ کے کاروبار سے وابستہ عائشہ بی بی نے حاضرین سے اپنے تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے کہا کہ '' میں نے جب سے اپنا ذاتی کاروبار شروع کیا ہے خود کو بااختیار محسوس کرنے لگی ہوں،میں جھوٹ نہیں کہوں گی، یہ ہے تو مشکل اور اپنے چیلنجز بھی ساتھ لے کر آتا ہے لیکن آخرکار اس کی بہت اہمیت ہے،یہ بہت کچھ سکھانے والا اور آزادی بخشنے والا تجربہ ہے جوکہ عورتوں کو بااختیار بناتا ہے اور انہیں خود اعتمادی اور خود انحصاری دیتا ہے۔بااختیار خواتین دیگر عورتوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے میں مدد دیتی ہیں اور ساتھ ہی تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافہ بھی کرتی ہیں۔. ''

KMBL سے مستفید ہونے والی شگفتہ مظہر اور روبینہ طارق نذیر نے سامعین کو اپنے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔شگفتہ جو گلہ بانی کے کاروبارسے منسلک ہیں،نے کہا کہ گلہ بانی سے صرف روزگار ہی نہیں ملابلکہ اس زندگی کا مقصد بھی حاصل ہوا ہے۔وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے اورانہیں بہتر زندگی فراہم کرنے کے قابل ہوئی ہیں۔میں دیگر کئی خواتین کے لیے ایک مثال کی حیثیت سے یہاں موجود ہوں کہ وہ بھی اپنے گھرانے کے لیے کماسکتی ہیں، انہیں تعلیم دلاسکتی ہیں اور ان کی زندگیوں کو خوشحالی کی طرف گامزن کرسکتی ہیں۔

تقریب کے ایک بڑے معاون کے طور پر خوشحالی بینک غربت کے خاتمے پر یقین رکھتا ہے اور پاکستان میں تمام سماجی طبقوں سے وابستہ افراد کو بینکنگ سروسز تک رسائی دیتا ہے۔خوشحالی بینک کی بنیادی اقدار میں مائیکروفنانس کے ذریعے پورے ملک میں کم آمدن والے گھرانوں کو بااختیار بنانا بھی شامل ہے۔KMBL سمجھتا ہے کہ مائیکروفنانس خواتین کے لیے ایک طاقتور وسیلہ ہے جو خواتین انٹرپرینیور کی راہ میں حائل سرمائے کی فراہمی جیسی بڑی روکاٹ کودورکرتا ہے۔

برانچ منیجرKMBLگوجرخان، مدثر ایوب جنجوعہ نے خوشحالی بینک اور خواتین انٹرپرینیور کے اشتراک پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ '' خوشحالی بینک کا مقصد پاکستان میں مالیاتی شمولیت میں اضافہ ہے،ہمارا ہدف خواتین کو بااختیار بنانا، غربت میں کمی لانا اور زندگیوں کو بہتر بنانا ہے اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ مائیکروفنانس ان تمام اہداف کے حصول کے لیے طاقتور ذریعہ ہے۔"

انہوں نے مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ" خوشحالی بینک خواتین کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ ہم سے رابطہ کریں اور ہمارا تعاون حاصل کریں،ہم انہیں تمام سہولیات بہم پہنچانے اور سرمایہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، یہ ان بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے جن کا سامنا خواتین کو اپنے کاروبار کو شروع کرنے کے وقت کرنا پڑتا ہے.''

ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایگریکلچر چکوال جناب عبدالستار نے نامیاتی کاشتکاری پر سرکاری مداخلتوں پر گفتگو کی اور شہری سماجی اداروں اور نجی/کاروباری شعبے کے ساتھ کام کے لائحہ عمل پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ'' شہری سماجی اور نجی شعبہ ہمارے لیے نہایت اہم ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ نامیاتی کاشتکاری میں وہ ایک بہت بڑا کردار ادا کرتے ہیں۔لہٰذا ہم شہری سماجی اور نجی شعبے کے ارکان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ ہم سے رابطہ کریں اور نامیاتی کاشتکاری کے عمل کا آغاز کریں "۔

اس تقریب میں کاروباری،ہنرمند اور گھریلو خواتین سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی وہ خواتین شریک تھیں جنہیں بہتر مواقع کی تلاش ہے۔اس موقع پرخوشحالی بینک نےPODA سینٹر میں تربیتی سیشن میں شریک خواتین کی سہولت کے لیے سلائی مشین ٹیبلز اور ایک اوورلاکنگ مشین کاعطیہ دیا۔