موسمیاتی تبدیلی کے بین الاقوامی دن کے موقع پرKMBL گرین آفس ٹیم نے بچوں میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے شعوراجاگر کرنے کے لیے ایک سرکاری اسکول کاانتخاب کیا۔اسلام آباد کے نواح میں واقع اس اسکول میں GOPکے نچلے درجے کے ملازمین کے بچے زیرتعلیم ہیں۔
نوجوانوں میں ماحولیات سے متعلق آگاہی،ماحول کے تحفظ کے لیے معاشرتی رجحان پیدا کرنے میں معاون ہے۔ اس سیشن کامقصد آب و ہوا کی تبدیلی کی حقیقت سے آگاہی اور تبدیلی کے لیے ذاتی عزم کی حوصلہ افزائی تھا۔ طلبہ کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن بہت نتیجہ خیز رہا، کیونکہ اس سے نوجوانوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں ماحولیات کو مدنظر رکھنے میں مدد ملی اور زندگی گزارنے اور دوستانہ ماحولیاتی اخلاقیات کے بارے میں ٓآگاہی حاصل ہوئی۔
اس سیشن میں طلبہ کو ہاتھ دھونے، عوامی مقامات پر گندگی نہ پھیلانے، پانی، کاغذ اور بجلی جیسے وسائل کی بچت، ری سائیکلنگ، چیزوں کے دوبارہ استعمال، مزید درخت لگانے جیسے چھوٹے چھوٹے اقدام کے ذریعے ماحول کے تحفظ اورماحولیاتی آلودگی کے اثرات کے خلاف اپنے خاندان اور دوستوں میں شعور پیداکرنے کے حوالے سے بتایاگیا۔ طلبہ نے اس گفتگو میں گہری دلچسپی لی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔
اس موقع پرطلبہ میں گملوں میں موجود پودے تقسیم کیے گئے تاکہ وہ انہیں اپنی پسند کی جگہ پر لگائیں،اس طرح اُ ن میں پودے کی ملکیت اور اُس کی نگہداشت کااحساس پیدا ہوگا۔